شہ سرخیاں

حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے

قصور(بیورورپورٹ)ضلعی حکومت اور محکمہ سوشل ویلفیئرقصور کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے گزشتہ روز ڈی پی ایس کے آڈٹیوریم میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان ‘سینئر سول جج قصور عائشہ رشید ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ آمنہ رفیق ‘اسسٹنٹ کمشنر چونیاں عائشہ غضنفر ‘پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین قصورفریحہ سہیل‘مختلف کالجز کی اساتذہ ‘ سول سوسائٹی‘سماجی کارکنان ‘طالبات اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت نے متعدد عملی اقدامات کئے ہیں اور موثر قانون سازی کے ذریعے خواتین کا تحفظ ممکن بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خاتون صوبائی محتسب کے تقرر سے خواتین کو ہراساں کئے جانے کے واقعات کی روک تھام میں مددملی ہے ۔انہوں نے خواتین کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے ہر اسمنٹ ایکٹ نافذ کیا گیا ہے تا کہ خواتین کو معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے کے مواقعے میسر آسکیں اور کسی کو خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ ہو۔ خواتین کو با اختیار بنانے اور تحفظ فراہم کرنے سے ملکی ترقی کا عمل تیز تر ہو چکا ہے ۔ڈپٹی کمشنر قصورنے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ۔آج معاشی سرگرمیوں میں خواتین کا کردار نمایاں ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ملکی تعمیرو ترقی کیلئے خواتین کے کردار اور اہمیت کو سمجھا جائے اور خواتین کے خلاف منفی رویوں میں تبدیلی لائی جائے تا کہ ایک مثبت معاشرے کی تشکیل کی جا سکے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے حکومت پنجاب کے خواتین کے حقوق کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کو سراہا ۔ تقریب کے اختتام پر زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔

Share this

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow