شہ سرخیاں

ممانعت کے باجود فیصل آباد کی میونسپل حدود میں جانوروں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار

فیصل آباد ( ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے حکومت کی واضح ممانعت کے باجود فیصل آباد کی میونسپل حدود میں جانوروں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد شہر کی ممنوعہ حدود میں جانور رکھنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی سی او نسیم صادق کے دور میں میونسپل حدودمیں جانور رکھنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے گائے بھینسوں اور گدھوں سمیت تمام جانوروں کو شہر سے باہر نکا ل دیا گیا تھا ۔ مگر دیکھنے میں آیا ہے کہ اب کئی لوگوں نے متعلقہ محکموں کی غفلت اور ملی بھگت سے دوبارہ اپنے جانور وں کو ممنوعہ حدود میں منتقل کر لیا ہے ۔ اس وجہ سے نہ صرف گندگی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کو ’’انیمل فری‘‘ فیصل آباد کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو ایک بار پھر نہ صرف سختی سے ہدایات جاری کرنی چاہیں بلکہ جانوروں کو دوبارہ ممنوعہ حدود میں لانے والوں کے خلاف کاروائی کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں کے خلاف بھی ایکشن لینا چاہیے تاکہ لوگوں کو صاف ستھرا ماحول دستیاب ہو سکے۔ دریں اثناء زراعت کے بار ے میں فیصل آباد کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید خالد محمود نے پیپلز کالونی نمبر 2 کے محمدی چوک کی چن پیر والہ گراؤنڈ کے پوش علاقوں میں گدھے رکھنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مالک گدھے کی لید کو گٹروں میں بہادیتا ہے جبکہ جگہ جگہ گدھوں کی لید بکھرنے کی وجہ سے بچوں میں ٹیٹنس اور بیماریاں پھیلنے کا بھی اندیشہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لید کی وجہ سے پورے علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے ۔ مگر کوئی بھی متعلقہ محکمہ اور اس کے ذمہ دار اہلکار اسکے خلاف کاروائی کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور میونسپل کارپوریشن کے نومنتخب میئر سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آبادکو حقیقی معنوں میں انیمل فری شہر بنانے کیلئے فوری طور پر جامع آپریشن کیا جائے ۔

Share this

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow