شہ سرخیاں

غریب عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں، قائد ملت جعفریہ

لاہور ( )قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ سرمایہ دارانہ اور طبقاتی نظام معاشرے میں بگاڑ کی بنیادی وجہ ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام وضع کرنا ضروری، بجٹ میں عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، جو وعدے انتخابی منشور میں کئے گئے انہیں پورا کیا جائے، مزدور سمیت زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانیوالوں کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں، بجٹ میں صحت و تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے بجٹ 2017-18ء کی ترجیحات پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ بجٹ کی آمد آمد ہے ، ہرسال بجٹ پیش کئے جاتے ہیں جس سے عوام کو بہت سی توقعات ہوتی ہیں لیکن بجٹ کے بعدپورا سال منی بجٹ کا سلسلہ بھی جاری رہتاہے اور عوام کو اگر کہیں تھوڑا بہت نام کا ریلیف دیا بھی جائے تو ظالمانہ ٹیکسوں کے بوجھ اور عالمی اداروں کی پالیسیوں کو پروان چڑھانے کیلئے وہ بھی ختم ہوجاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کرنا ہونگے، سب سے پہلے سرمایہ دارانہ اور طبقاتی نظام کے متبادل سسٹم مرتب کرنے کی ضرورت ہے، حکمرانوں کو چاہیے اس سلسلے میں ضروری اقدام اٹھائیں جب تک صحیح معنوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام وضع نہیں ہوگا طبقاتی خلیج بڑھتی جائیگی اور غربت و مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ بھی ہوتا رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ بجٹ 2017-18ء چند روز میں قومی اسمبلی و سینیٹ میں پیش ہوگا دوتہائی اکثریت کے ساتھ یہ منظور بھی ہوجائیگا لیکن کیا حکمران اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے پورے کریںگے۔ اس وقت ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری کا شکار ہیں تو دوسری جانب امن و امان کی صورتحال بھی بہتر نہیں ، آئے روز خودکشیوں کی خبریں بھی گردش کرتی رہتی ہیں ایسے حالات میں ایسا بجٹ ضرور پیش کیا جائے جس سے کم از کم یہ محسوس ہوکہ واقعی غریب عوام کو ریلیف ملا۔ انہوںنے کہاکہ بجٹ میں مزدور، کسان سمیت زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانیوالوں کیلئے حقیقی معنوں میں سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ صحت و تعلیم کے شعبوں پرخصوصی توجہ دی جائے۔

Share this

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow