شہ سرخیاں

رمضان کا اہتمام۔۔۔۔تحریر: عثمان احمد سندھو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جہلم

اللہ تعالی کی رحمتوں، برکتوں کا مہینہ آن پہنچاہے، یہ وہ ماہ مقدس ہے جس کی ہر گھڑی، ہر ساعت اہل ایمان کیلئے نیکیاں کمانے کا نادر موقع ہے ، انہیں ساعتوں میں انسان اپنے رب سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر اسکا تقرب حاصل کر سکتا ہے ،اس ماہ مبارک میں جہاں اہل ایمان روزہ رکھ کر پروردگار کا حکم بجا لاتے ہیں وہیں عبادات، صدقات ، خیرات ، زکواۃ ادا کرکے تقرب الہی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔عبادات و دعاؤں، رحمتوں، برکتوں، مغفرت کے اس مہینہ میں روزہ داروں کو سستے داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب نے ہمیشہ موثر اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں خصوصا صوبہ بھر میں رمضان بازار قائم کرکے شہریوں کو سستے داموں پھلوں، سبزیوں، دالوں، گوشت اور مشروبات کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق رواں سال بھی ضلع جہلم میں چھ رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں ان میں مشین محلہ نمبر 2، اکرم شہید پارک،دینہ سٹی پولیس پوسٹ کے بلمقابل ، بوہار چوک سوہاوہ، ٹی ایم اے آفس کے باہر کھیوڑا اور مین بازار شالیمار چوک پنڈ داتانخان میں رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں تمام تر انتظامات کی نگرانی ڈپٹی کمشنرجہلم اقبال حسین خان خود کر رہے ہیں۔ رمضان بازاروں کے قیام کیلئے تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ذمہ داریاں تقویض کی گئی ہیں جنکی معاونت کیلئے دیگر ڈیپارٹمنٹس کے افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام رمضان بازاروں میں سبزیوں، پھلوں، دالوں، گھی ، چینی ، آٹے کے سٹالز لگائے جائیں گے جبکہ ضلع بھر میں متعددفےئر پرائس شاپس پر بھی صارفین کو سبسڈی پر اشیائے خورد و نوش فراہم کی جائیں گی۔ رمضان بازاروں میں سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پولیس نے جامع پلان تشکیل دیدیا ہے ، ان بازاروں میں داخلہ کیلئے واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے ، رمضان بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے جنکی مانیٹرنگ کیلئے تحصیل لیول اور ضلع لیول پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ رمضان بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کا تعین کر دیا گیا ہے اس مقصد کیلئے ڈپٹی کمشنراقبال حسین خان کی زیر صدارت اجلاس میں اے ڈی سی آر احمر نائیک،اے ڈی سی جی کاشف محمد علی، اسسٹنٹ کمشنرجہلم، اے سی کوآرڈ، اے سی دینہ، اے سی پنڈداتنحان، اے سی سوہاوہ سمیت مختلف محکموں کے افسران، صدر انجمن تاجراں ، مختلف ایسویسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر عوام کی سہولت کیلئے رمضان بازاروں کے الگ ریٹس مقرر کئے گئے جو اوپن مارکیٹ سے چار روپے فی کلو گرام سے بیس روپے فی کلو گرام تک کم ہیں۔ رمضان بازاروں ، فےئر پرائس شاپس کے ساتھ رمضان دسترخوانوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جہاں روزانہ ہزاروں روزہ داروں کیلئے افطاری کا انتظام ہوگا۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنراقبال حسین خان ، عوامی نمائندوں اور انتظامی ٹیم کا عزم ہے کہ ماہ المبارک میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام عمل میں لایا جائے گا۔

Share this

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow