شہ سرخیاں

مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کا مستقبل انتہائی روشن ہے

مظفرآباد () صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تحریک کو اُس مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں اُسے طاقت کے ذریعے دبانا ناممکن ہو گا۔ ہندوستان کشمیریوں پر ظلم و ستم کرنے اور گاڑیوں کے ساتھ باندھ کر انہیں انسانی ڈھال بنانے کی وجہ سے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ ہم بین الاقوامی سطح پر بھارت کو مزید بے نقاب کریں گے۔ کشمیری تنہا نہیں، اسلامی تعاون تنظیم کے 56 ممالک کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ سی پیک کی کامیاب تکمیل مسلۂ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھی اہم ثابت ہو گی۔ اقتصادی و معاشی طور پر مستحکم پاکستان کی بات کو رد نہیں کیا جا سکے گا۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ بھارت نے کلبھوشن کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں جا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کو عالمی فورمز پر اٹھانے کیلئے راستہ ہموار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کونسل کے سامنے اٹھائے گی۔ صدر آزاد کشمیر نے بھارتی حکومت کی جانب سے ایک نوجوان کو انسانی ڈھال بنا کر گاڑی سے باندھنے والے فوجی کو ایوارڈ دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے علمبردار ملک نے مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کی قیمت مقرر کر دی ہے۔ اس طرح نوازنے سے مقبوضہ کشمیر میں تعینات فوجیوں کی انسانی حقوق پامال کرنے کیلئے مزید حوصلہ افزائی ہوئی۔ حالانکہ انہیں پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین کے باعث چھوٹ حاصل ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کا مستقبل انتہائی مخدوش نظر آتا ہے۔ وہاں اقلیتوں پر مظالم کے علاوہ ہندو مذہب کے ماننے والے بھی ذات پات میں تقسیم ہیں۔ انتہا پسند تنظیمیں کل بھارت کے وجود کیلئے خطرہ ثابت ہوں گی۔ مودی حکومت نے انتہا پسند ہندؤں کو مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ظلم ڈھانے کی چھوٹ دے رکھی ہے۔ اگر انتہا پسند باز نہ آئے تو وہ بھارت کے اندر ایک اور پاکستان کی بنیاد اپنے ہاتھوں سے رکھیں گے۔ #

Share this

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow