شہ سرخیاں

اندور ٹیسٹ میں بھارت کی پوزیشن مضبوط ٗنیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 299 رنز پر ڈھیر ہو گئی،ایشون کی چھ وکٹیں

اندور( )بھارت نے روی چندرہ ایشون کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں 276 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر کے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔اندور کے ہولکر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ نے 28 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی نامکمل اننگ شروع کی تو اوپنرز نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھا اور اپنی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔بھارت کے 557 رنز کے جواب میں کیوی اوپنرز مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔بھارت کو پہلی کامیابی کھانے کے وقفے سے کچھ لمحے قبل اس وقت ملی جب لیتھم 53 رنز بنانے کے بعد ایشون کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔جب کھانے کا وقفہ ہوا تو نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 125 رنز بنا کر پہلا سیشن اپنے نام کیا تاہم دوسرے سیشن میں ایشون نے کیوی بیٹنگ لائن کی صفیں الٹ دیں۔آف اسپنر نے پہلے حریف کپتان کین ولیمسن کی وکٹیں بکھیریں اور پھر فارم کے حصول کیلئے کوشاں روس ٹیلر کی مایوس کن کارکردگی کے سلسلے کو مزید دراز کرتے ہوئے انہیں صفر پر ٹھکانے لگایا۔نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 73 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو کر اپنی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کر گء جبکہ اسی اسکور پر رونچی آؤٹ ہوئے تو آدھی کیوی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔148 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بی جے واٹلنگ اور مچل سینٹنر نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو تھام دیا اور اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی۔اس موقع پر رویندرا جدیجا نے اپنے ساتھی اسپنر کا ساتھ نبھاتے ہوئے 53 رنز پر محیط اس شراکت کا خاتمہ کرتے ہوئے واٹلنگ کو پویلین رخصت کیا۔کیوی ٹیل اینڈرز نے خلاف توقع مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے بازوں کو آئنہ دکھایا اور آخری چار وکٹوں نے اسکور میں 98 رنز جوڑے۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 299 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ایک بار پھر اس تباہی کے ذمے دار ایشون تھے جنہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ جدیجا کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔بھارت نے 258 رنز کی برتری حاصل کرنے کے باوجود نیوزی لینڈ کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاکہ اسپن وکٹ پر نیوزی لینڈ کو چوتھی اننگ میں بیٹنگ کرائی جا سکے۔اننگ کی ابتدا میں ہی گوتم گمبھیر زخمی ہو کر پویلین لوٹ گئے لیکن مرلی وجے اور چتیشور پجارا نے دن کے اختتام تک کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 18 رنز بنا کر 276 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

Share this

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow